بغداد،4مئی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)عراق کی سیکیورٹی فورسز نے بدھ کے روز مغربی موصل کے دائیں حصے میں دہشت گردوں کی جانب سے قائم کی گئی ہاون راکٹ اور دیگر اسلحہ اور گولہ بارود تیار کرنے والی ایک فیکٹری پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔عراقی فوج کے بریگیڈیئر عبدالامیر الخزرجی نے’العربیہ ڈاٹ نیٹ‘ کو بتایا کہ انسداد دہشت گردی فورس نے خصوصی سرچ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے اسلحہ سازی کے ایک کارخانے کا پتا چلایا جس میں خود کش جیکٹیں، ہاون راکٹ اور دیگر مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولہ بارود تیار کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے موصل کے شمالی ساحلی علاقے کی الیابسات کالونی میں کارروائی کے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود قبضے میں لے لیا ہے۔بریگیڈیئر الخزرجی کا کہنا تھا کہ اسلحہ سازی کی فیکٹری سے 180 ملی میٹر دھانے والے والے ھاون راکٹ، C4 بیرل بم، میزائل لانچر، گیس ماسک، کوئلہ، کیمیائی مواد، بم اور دھماکہ خیز ہتھیار تیار کرنے والے سانچے قبضے میں لیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارخانہ موصل کے شمالی ساحلی علاقے کی اب تک پکڑی گئی سب سے بڑی فیکٹری ہے جس میں مقامی اور غیرملکی اسلحہ ساز دہشت گرد جنگی سازو سامان تیار کرتے رہے ہیں۔